اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج اور اتوار کے روز تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ ایک مغربی لہر بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث بارشوں کے موجودہ سلسلے میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، سائن بورڈز اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق آج اور اتوار کے روز کشمیر، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں ہفتہ اور اتوار دونوں روز مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے ساتھ ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے اور آج مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ اتوار کو بھی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی تاہم حبس برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔
ادھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لاہور میں ایم ڈی واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے تمام آپریشنل عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔