قصور (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف طارق نوید سندھو سے) ممبر قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ، ممبران صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد سعید خان ایڈووکیٹ، حاجی محمد نعیم صفدر انصاری اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی مشترکہ صدارت میں کے ٹی ڈبلیو ایم اے (KTWMA) کے امور پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹینریز میں کروم ریکوری پلانٹس کی تنصیب، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اربن یونٹ پنجاب کے نمائندگان، متعلقہ محکموں کے افسران، کے ٹی ڈبلیو ایم اے انتظامیہ اور ٹینریز مالکان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اربن یونٹ پنجاب کی جانب سے قصور ٹینری کلسٹر کے لیے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے پر ابتدائی بریفنگ دی گئی اور اس کی فزیبیلٹی و تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں قصور کے عوام کے دیرینہ ماحولیاتی مسئلے کے مستقل حل کی جانب تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے اس منصوبے کو پنجاب کے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں منظور کر لیا گیا ہے۔ 3 ارب روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے اس منصوبے کی تکمیل کا تخمینہ 2 سے 3 سال رکھا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا اور اس کے ساتھ جدید کروم ریکوری پلانٹ بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ چمڑے کی صنعت سے خارج ہونے والے صنعتی فضلے کو مؤثر انداز میں ٹریٹ کر کے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ اس منصوبے سے قصور اور ملحقہ علاقوں کو صاف ماحول اور محفوظ زیرزمین پانی میسر آئے گا۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹینریز میں انفرادی کروم ریکوری پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے جاری کیے گئے 15 روزہ نوٹس پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کروم ریکوری پلانٹس کی تنصیب لازمی ہوگی اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈیفالٹر ٹینریز سے واجبات کی سو فیصد وصولی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے یقینی بنائی جائے تاکہ ادارے کی مالی مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ اربن یونٹ پنجاب کی فزیبیلٹی رپورٹ کی تیاری کے دوران ٹینریز کے نمائندوں کو بھی اعتماد میں لینے کی ہدایت کی گئی۔
ممبر قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ٹینریز مالکان پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔
رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد سعید خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ قصور میں زیرزمین پانی بڑی حد تک ناقابل استعمال ہو چکا ہے، یہ پورے ضلع اور آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے جسے مل کر حل کرنا ہوگا۔ حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے کہا کہ اس منصوبے کی منظوری قصور کی ماحولیاتی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے تمام انتظامی، مالی اور تکنیکی مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرتے ہوئے قصور کو ایک صاف، محفوظ اور ماحول دوست شہر بنایا جائے گا۔