مودی کے دورۂ انڈونیشیا میں دفاعی تعاون مضبوط، براہموس میزائل سسٹم پر معاہدہ
بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان براہموس کروز میزائل سسٹم اور ایسٹرا میزائلوں کی فراہمی سے متعلق اہم دفاعی معاہدے طے پا گئے ہیں، جن کا اعلان دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے دو روزہ دورۂ انڈونیشیا کے دوران صدر پربووو سوبیانتو سے ملاقات کی، جس کے بعد انڈونیشیا کے صدارتی محل نے معاہدوں کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق BrahMos Aerospace اور انڈونیشیا کی وزارت دفاع کے درمیان براہموس میزائل دفاعی نظام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے، تاہم اس کی مالی یا تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت انڈونیشیا کو براہموس کروز میزائل سسٹم کے ساتھ ساتھ ایسٹرا (Astra) فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل بھی فراہم کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں براہموس ایرو اسپیس حکام نے انڈونیشیا کے ساتھ 20 کروڑ سے 35 کروڑ ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے پر مذاکرات کی تصدیق کی تھی، جبکہ اس سے قبل فلپائن اور ویتنام کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے دفاعی معاہدے کیے جا چکے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان انڈونیشیا کی دفاعی کمپنی ریپبلک کورپ اور بھارتی کمپنی Bharat Dynamics Limited کے درمیان فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائلوں سے متعلق ایک اور معاہدہ بھی طے پایا۔
دفاعی تعاون کے علاوہ دونوں ممالک نے اہم معدنیات، اسٹیل اور زراعت کے شعبوں میں سپلائی چین مضبوط بنانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جبکہ Steel Authority of India اور انڈونیشیا کی کراکاٹاؤ اسٹیل مشترکہ طور پر انڈونیشیا میں اسٹین لیس اسٹیل سلیب کی تیاری کے لیے جوائنٹ وینچر قائم کریں گی۔
صدر پربووو سوبیانتو نے کہا کہ بھارت اور انڈونیشیا دنیا کی دو بڑی جمہوریتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ دوسری جانب نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک بحرِ ہند میں بحری سلامتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اگرچہ مشترکہ اعلامیے میں دونوں رہنماؤں نے براہموس معاہدے کا براہِ راست ذکر نہیں کیا، تاہم انڈونیشیا کے صدارتی محل نے دفاعی معاہدوں کی تصدیق کر دی ہے۔