شہباز شریف اور صدر ایردوان کی ملاقات، دفاع، تجارت اور علاقائی صورتحال پر اہم مذاکرات متوقع

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیراعظم محمد شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان کی خصوصی دعوت پر ہفتے کے روز ترکیے کے شہر استنبول کا دورہ کریں گے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی تعاون سمیت اہم امور پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت، علاقائی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، غزہ، ایران، شام، علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظرنامے پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران پاکستان۔ترکیے بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں ترک نائب صدر جودت یلماز، وزرا، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ بزنس فورم میں پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ترک کاروباری گروپس کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری، حکومتی مراعات اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے