قصور (کیو این این ورلڈ/طارق نوید سندھو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع قصور کی مربوط شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیرِ صدارت ضلع کے ماسٹر پلان کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) غلام مصطفیٰ خان، اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نشتر رحمان لودھی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع قصور کے ماسٹر پلان کے مختلف پہلوؤں، شہری حدود کی منصوبہ بندی، مستقبل کی آبادکاری، ٹریفک مینجمنٹ، بنیادی شہری سہولیات، ماحول دوست ترقی، سرکاری اراضی کے مؤثر استعمال اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان کی تیاری میں تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مشاورت کے ساتھ جامع، قابلِ عمل اور دیرپا تجاویز پیش کریں تاکہ ضلع قصور کو جدید، منظم، خوبصورت اور پائیدار شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ماسٹر پلان مستقبل کی ترقیاتی ضروریات، بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جائے، تاکہ شہریوں کو معیاری انفراسٹرکچر، بہتر ٹریفک نظام، جدید شہری سہولیات اور صاف ستھرا، خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع قصور کی متوازن اور پائیدار ترقی کے لیے ماسٹر پلان کو جدید تقاضوں کے مطابق جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی، تاکہ شہریوں کو بہتر طرزِ زندگی اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔