قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قصور کے مختلف مقامات پر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ہزار 700 لیٹر مضرِ صحت دودھ برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران جعلی دودھ تیار کرنے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ملاوٹی دودھ کی ایک بڑی کھیپ مارکیٹ میں سپلائی ہونے سے قبل ہی پکڑ لی گئی، جس سے شہریوں کو مضرِ صحت دودھ کی فراہمی روک دی گئی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ جعلی دودھ کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔