حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کر لی ہے، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے تیار کی گئی سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، تاہم نئی قیمتوں کی منظوری کا حتمی اختیار وزیراعظم کے پاس ہے، جو تمام مالی اور معاشی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی گزشتہ روز اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 74 روپے فی لیٹر تک بڑی کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی نے پاکستان میں نئی قیمتوں میں اضافی ریلیف کی توقعات کو تقویت دی ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ 26 جون 2026 کو برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 71.90 سے 72.50 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت 69.00 سے 69.80 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی۔ آج کے کاروبار کے دوران دونوں عالمی بینچ مارکس میں تقریباً 3 سے 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 20 فیصد سے زائد کمی آ چکی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت میں بہتری اور سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے