اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ضلع اوکاڑہ میں 10 محرم الحرام (یومِ عاشورہ) کے موقع پر امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداران کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا ہے کہ عاشورہ کے تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 2400 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دیں گے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔
ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق ضلع بھر میں یومِ عاشورہ کے موقع پر 18 مجالس اور 44 جلوس برآمد ہوں گے، جن میں 24 لائسنسی اور 20 روایتی جلوس شامل ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 9 جلوسوں کو کیٹیگری اے، 19 کو کیٹیگری بی جبکہ 16 جلوسوں کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا ہے۔ اسی طرح 18 مجالس میں سے 2 مجالس کیٹیگری اے، 6 کیٹیگری بی اور 10 کیٹیگری سی میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی انتظامات کے تحت ایک ایس پی، 7 ڈی ایس پیز، 26 انسپکٹرز، 101 سب انسپکٹرز، 186 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 64 ہیڈ کانسٹیبلز، 106 لیڈی پولیس اہلکاروں اور 1945 کانسٹیبلز سمیت 2400 سے زائد افسران و اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ عاشورہ کے دوران جدید نگرانی کے نظام سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ ڈرون کیمروں، سیف سٹی کیمروں، سی سی ٹی وی نیٹ ورک اور سرویلنس وینز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامی اور سیکیورٹی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع کو 5 سیکٹرز اور 21 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ڈیوٹی کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے 8 خصوصی ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ روف ٹاپ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر تعینات رہیں گے تاکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے مقامات کو خاردار تاروں اور قناتوں کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت متبادل راستوں کا تعین کر لیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے بتایا کہ ضلعی کنٹرول روم کو ڈی ایس پی لیگل کی زیر نگرانی مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال، مشکوک سرگرمی یا مشتبہ شخص کی اطلاع کے لیے 044-7132244، 044-9200093 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آخر میں ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے شہریوں، علمائے کرام، منتظمین مجالس و جلوس اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ مذہبی رواداری، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ یومِ عاشورہ کے تمام پروگرامز پرامن، محفوظ اور عقیدت و احترام کے ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔
مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت