مرکزی کنٹرول روم سے عاشورہ جلوسوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی، انتظامیہ الرٹ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت مرکزی کنٹرول روم میں یومِ عاشورہ کے پرامن، محفوظ اور منظم انعقاد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں یومِ عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے، الرٹ رہنے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس کی فوری صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور پانی کے چھڑکاؤ کے انتظامات کی کڑی نگرانی کے احکامات جاری کیے۔ مزید برآں عزاداروں کی سہولت اور صحت کے تحفظ کے لیے جلوسوں کے راستوں پر قائم فرسٹ ایڈ کیمپس میں تمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل ٹیموں اور ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

احمد سلیم چشتی نے گرمی کی شدت کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر مسٹ فینز کی تنصیب اور ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کے انتظامات کی مسلسل نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں مرکزی کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ سکیورٹی امور اور مجموعی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ انتظامات میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے تقدس اور اہمیت کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ مکمل طور پر متحرک ہے اور عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، مسٹ فینز کی تنصیب، فرسٹ ایڈ سہولیات اور سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مرکزی کنٹرول روم سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ یومِ عاشورہ کے جلوس اور مجالس مذہبی عقیدت، احترام اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو سکیں۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے