اوکاڑہ: صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا دورہ، محرم جلوسوں کے لیے کیو آر کوڈ اور پینک بٹن نصب

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اوکاڑہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل، آر پی او محمد ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر سمیت اہل تشیع کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے تمام محکموں کے افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی جائے۔ انہوں نے مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہ ایوان حسین کا دورہ کر کے انتظامات اور سیکیورٹی امور کا معائنہ بھی کیا۔ صوبائی وزیر نے خصوصی طور پر ہدایات دیں کہ یوم عاشورہ اور جلوسوں کے دوران عزاداروں کے لیے ہیلتھ اور ریسکیو کور کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے مسٹ فینز (ٹھنڈی ہوا والے پنکھے) اور تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں میں تمام ترقیاتی اور مرمتی کام قبل از وقت مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی کے منظم میکانزم کے لیے امام بارگاہوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کیو آر کوڈ اور پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ بہترین اور فول پروف سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عوام کو مکمل محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے