سیالکوٹ: سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے کا جی سی ویمن یونیورسٹی کا دورہ، طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو شاندار داد

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو)سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں فائنل ایئر کی طالبات کی تھیسز نمائش کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

اس شاندار فائن آرٹس نمائش میں 18 طالبات کے 200 سے زائد تخلیقی فن پارے، جدید ڈیزائنز اور آرٹ کے منفرد نمونے پیش کیے گئے۔ نمائش کے دوران ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات کی جانب سے ہوم ڈیزائننگ کے پیش کیے گئے جدید اور اچھوتے آئیڈیاز شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے طالبات کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کی ترقی، خود مختاری اور معاشی خود کفالت کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کو اعلیٰ تعلیم، ہنر اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فائن آرٹس کی طالبات کی چار سالہ محنت ان کے تخلیقی کام میں واضح نظر آ رہی ہے۔ نمائش کا معیار انتہائی قابل تعریف ہے، طالبات کا کام حیران کن ہے جبکہ اساتذہ کی بہترین رہنمائی اور فیکلٹی کی محنت بھی فن پاروں سے نمایاں ہو رہی ہے۔

ثمن رائے کا مزید کہنا تھا کہ آرٹ اور ڈیزائن کے شعبے میں عالمی سطح پر معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے جدید ذرائع کا استعمال سیکھیں، تاکہ اپنے منفرد فن کو عالمی سطح پر متعارف کروا کر خود مختار بن سکیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی طالبات کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار اور سیکھنے کے لیے بہترین تعلیمی و پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ فائن آرٹس کی طالبات کو نکھارنے کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ تمام تر ممکنہ سہولیات اور مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے