امریکی دھوکا دہی اور اسرائیلی جارحیت کا جواب؛ ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز کی بندش کا فیصلہ سنا دیا

تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی فوج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر دنیا کی اہم ترین تجارتی آبی گزرگاہ "آبنائے ہرمز” کو دوبارہ بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ سخت قدم امریکا اور اسرائیل کی مکارانہ پالیسیوں اور جنگ بندی کے مروجہ اصولوں کو پامال کرنے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔

ایرانی فوجی کمانڈ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی بنیادی وجہ امریکا کی دھوکا دہی ہے، جس نے مفاہمتی یادداشت کی پہلی اور سب سے اہم شرط کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں بھی اس بندش کی بڑی وجہ ہیں۔ ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش ابھی ہمارا پہلا قدم ہے، اور اگر ایران کے خلاف دشمن کی جارحیت اور وعدہ خلافیاں اسی طرح جاری رہیں تو آنے والے دنوں میں اس سے بھی زیادہ سخت جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے