امریکا ایران ڈیل: دستخط ہوتے ہی پابندیاں ختم، ایرانی سپر ٹینکر امریکی ناکہ بندی عبور کر گیا

نیویارک: (کیو این این ورلڈ) امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے تاریخی معاہدے کے تحت ایران کو فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر تیل اور ایندھن فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ امریکی اخبار نے انتہائی معتبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی کا یہ فیصلہ دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط ہوتے ہی فوری طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔ اس ریلیف میں بینکنگ، ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس جیسی وہ تمام ضروری خدمات بھی شامل ہوں گی جو عالمی منڈی میں تیل کی فروخت کے عمل کو باقاعدہ ممکن بنانے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر منافع بخش تنظیم "یونائیٹڈ اگینسٹ نیوکلیئر ایران” نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی خام تیل لے جانے والا ایک بڑا سپر ٹینکر ایران کی چاہ بہار بندرگاہ سے کامیابی کے ساتھ روانہ ہو چکا ہے۔ اس سپر ٹینکر نے سمندر میں قائم امریکی ناکہ بندی کو بھی عبور کر لیا ہے اور اب وہ خلیج عمان سے باہر کی طرف روانہ ہو گیا ہے، جبکہ خاص بات یہ ہے کہ اس سفر کے دوران ٹینکر کا لوکیشن ٹریکر بھی مسلسل فعال رہا۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی ناکہ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک اس نوعیت کا یہ پہلا بڑا واقعہ سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب ایک سینیئر امریکی عہدیدار نے اس معاملے پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ایران کو تیل کی فروخت شروع کرنے کے لیے فوری طور پر پابندیوں میں بڑی نرمی دی جائے گی، تاہم اس پابندی سے مستقل ریلیف کا حصول ایران کی جانب سے امریکی مطالبات پر مکمل عملدرآمد سے مشروط ہوگا۔ امریکی عہدیدار کے مطابق ان اہم ترین مطالبات میں عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے مکمل طور پر کھولنا اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق دیگر اہم ترین امور شامل ہیں جن پر ایران کو عمل کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے