علی مسجد (کیو این این ورلڈ) پولیس نے مساجد اور حجروں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے قیمتی مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او علی مسجد عدنان آفریدی کی خصوصی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او غفار خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ایک کامیاب کارروائی کی، جس کے نتیجے میں علاقے کی مختلف مساجد اور حجروں سے قیمتی سامان چوری کرنے والے چور کو دھر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم، جس کی شناخت تاج میر ولد طاہر، سکنہ علی مسجد کے نام سے ہوئی ہے، کو ایک مقامی مسجد سے سامان چوری کرتے ہوئے موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد جب ملزم کی جامہ تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے چوری شدہ بجلی کی تاریں، لاؤڈ اسپیکر اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا، جو وہ مختلف اوقات میں حجروں اور عبادت گاہوں سے غائب کر چکا تھا۔
علی مسجد پولیس نے مسروقہ سامان قبضے میں لے کر ملزم تاج میر کو فوری طور پر حوالات منتقل کر دیا ہے۔ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مساجد میں چوری کی دیگر ممکنہ وارداتوں کے نیٹ ورک کا پتا لگانے کے لیے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مساجد کا سامان محفوظ بنانے پر پولیس انتظامیہ کی مستعدی کو سراہا ہے۔