راولاکوٹ (کیو این این ورلڈ) راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ راولاکوٹ کی عیدگاہ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پولیس بکتر بند گاڑی پر 30 سے زائد گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ کے اس حملے کے بعد پولیس بکتر بند گاڑی پر گولیوں کے گہرے اور واضح نشانات بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کی ایک آڈیو ٹیپ بھی سامنے آئی ہے، جس میں اس کی جانب سے باقاعدہ شرپسندی اور حملوں کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو باقاعدہ کالعدم تنظیم قرار دے دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی، تین روز قبل کالعدم تنظیم کی جانب سے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کیے جانے کے بعد، حکومت نے ان کے خلاف پہلے سے ختم کیے گئے تمام مقدمات دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آزاد کشمیر حکومت کے محکمہ قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ماضی میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران واپس لی جانے والی تمام 177 ایف آئی آرز (FIRs) کو اب مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔