شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر) وطن عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نمازِ جنازہ کرکٹ سٹیڈیم ڈی جی خان میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔ نمازِ جنازہ میں سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہید کی آخری رسومات میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد، رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف خان پتافی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق بلوچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی شہید کو الوداع کہنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف خان پتافی، ڈی پی او صادق بلوچ اور دیگر عسکری و سول افسران نے شہید کے والد حاجی اللہ بخش کورائی اور دیگر سوگوار اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی قربانی کو فخر کا باعث قرار دیا۔

اس موقع پر تمام شرکاء نے شہید کیپٹن علی عامر کورائی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کی۔ افسران اور نمازِ جنازہ کے شرکاء نے شہید کے جسدِ خاکی کو کندھا دیا اور ملک و ملت کے لیے ان کی لازوال خدمات، بے مثال جرات اور عظیم قربانی پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شرکائے جنازہ کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ارضِ پاک کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی خاطر دی جانے والی یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے