ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کا اجلاس، نئے پٹرول پمپوں کے قیام سے روزگار اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر جواد اکبر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی جانب سے پٹرول پمپوں کے قیام کے لیے این او سی کے اجرا اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ نے ہدایت کی کہ قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں اور درخواست گزاروں کو بلاوجہ تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پٹرول پمپوں کے قیام سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، جس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔

محمد اسد چانڈیہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور اگر کسی درخواست میں کوئی خامی موجود ہو تو اس کی بروقت نشاندہی کرکے اسے دور کرایا جائے تاکہ این او سی کے اجرا کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ این او سی کے اجرا کا عمل شفاف، تیز اور عوام دوست بنایا جا سکے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور زیر التوا درخواستوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے