لودھراں (کیو این این ورلڈ) جلالپور موڑ پر ایک انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر واسا انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث گٹر کی صفائی کے دوران 2 سیور مین زہریلی گیس کی لپیٹ میں آکر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں سیور مین واسا کے باقاعدہ ملازم تھے، جن کی شناخت وسیم اور اکرام کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں اہلکار دورانِ ڈیوٹی فرائض کی انجام دہی کے وقت اس ہولناک حادثے کا شکار ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے ملازمین کو ادارے کی طرف سے کوئی حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا گیا تھا اور وہ بغیر کسی سیفٹی کٹ کے گٹر کے اندر اترے تھے، جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے اس المناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، اور غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے۔