میہڑ میں مشوری اور جویا برادری کے درمیان دیرینہ تنازع کا خوشگوار حل

میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار): میہڑ میں مشوری اور جوئیہ برادری کے درمیان طویل عرصے سے جاری پرانا تنازع آخرکار پُرامن اور خوشگوار طریقے سے حل ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں برادریوں کے مابین دشمنی دوستی میں بدل گئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ سردار ہاؤس میہڑ میں سردار راجا عاشق علی خان کی رہنمائی میں منعقدہ ایک خصوصی جرگے میں کیا گیا، جہاں دونوں فریقین کے مؤقف کو انتہائی غور اور تفصیل کے ساتھ سنا گیا۔ فیصلے کے دوران سردار راجا عاشق علی خان نے دونوں فریقوں کو صلح، بھائی چارے اور اسلام کے امن پسند اصولوں کا درس دیتے ہوئے اس دیرینہ تنازع کو ختم کرانے میں اپنا کلیدی اور مخلصانہ کردار ادا کیا، جس کے بعد دونوں فریقین نے ماضی کے تمام گلے شکوے بھلا کر ایک دوسرے کو گلے لگا لیا اور "شیر و شکر” ہو کر پرانے اختلافات ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

اس دوران صلح کے اس باوقار عمل میں جمعدار کریم بخش جویو، مظفر جویو، منور جویو، فراز جویو، جواد جویو، شفیع محمد مشوری، مسعود مشوری، ریاض ٹیونو، منظور پنہور سمیت علاقے کی دیگر سیاسی و سماجی معزز شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں، جنہوں نے فریقین کے مابین صلح کے اس اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ دوسری طرف علاقہ مکینوں نے بھی دونوں برادریوں کے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے دلی خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسے مثبت اقدامات سے علاقے میں پائیدار امن، بھائی چارے اور استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے