لنڈی کوتل(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقار احمد کی خصوصی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں، سمگلروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں باڑہ پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران اقدامِ قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او باڑہ جاوید آفریدی کی خصوصی ہدایات پر انچارج نیازی چوکی عبدالہادی اور انس آفریدی نے علاقے میں گشت کے دوران مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سگے بھائیوں مسلم اور آصف (پسران خنیف اللہ) کو دھر لیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان تھانہ جمرود میں درج مقدمہ علت نمبر 179 مورخہ 30 مئی 2026، زیرِ دفعات 337(V)، 392، 452 اور 34 کے تحت ڈکیتی، چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور تشدد کے مقدمے میں قانون کو مطلوب تھے۔
پولیس نے دونوں قانون شکن ملزمان کو حراست میں لے کر فوری طور پر حوالات منتقل کر دیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی اور تفتیش کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے انہیں تھانہ باڑہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پی او وقار احمد کی واضح ہدایات کے مطابق ضلع بھر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے تک یہ آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔