عالمی یومِ ماحولیات: گوجرانوالہ میں سیمینار، ماحول کے تحفظ پر زور

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے گوجرانوالہ میں ایک آگاہی سیمینار اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبارٹری ماحولیات محمد اشرف چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ صاف ماحول آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی بہتری اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور معاشرے میں ماحول کے تحفظ کا پیغام عام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت لگانا، فضائی و آبی آلودگی میں کمی لانا اور پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے گریز وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سینئر انسپکٹر ماحولیات غلام مرتضیٰ بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہمات میں فعال شرکت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سلمان اسلم نے کہا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ان اقدامات کا اہم حصہ ہے۔

تقریب میں جدید دستگیر آئیڈیل ہائی سکول کے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس میٹل ایسوسی ایشن کے صدر وقار علی کھوکھر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

میڈم مہناز افضل نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد نوجوان نسل کو ماحولیاتی چیلنجز اور ان کے حل سے آگاہ کرنا ہے تاکہ ملک اور آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ماحول دوست سرگرمیوں میں حصہ لینے اور شجرکاری مہمات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے