نوجوان اتحاد، گاؤں خدا بخش لغاری میں چوتھی سالگرہ شاندار انداز میں منائی گئی

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی مغاری) نوجوان اتحاد، گاؤں خدا بخش لغاری کے زیرِ اہتمام تنظیم کی چوتھی سالگرہ نہایت شاندار، پرجوش اور روایتی انداز میں منائی گئی، جس میں اہلِ علاقہ، معززین، دوست احباب اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد علاقے کی خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر سالگرہ کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران تنظیم کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے رفیق احمد لغاری کو ان کی سابقہ بہترین کارکردگی اور مخلصانہ قیادت کی بنیاد پر متفقہ طور پر دوبارہ تنظیم کا صدر منتخب کر لیا۔ اس موقع پر فقیر غازی لغاری، حاجی شہزادہ لغاری، صحافی مشتاق علی لغاری، سائیں رحم شاہ، اعجاز علی، محمد امین، نذیر لغاری، سینگار ضمیر، نظر علی اور ماجد علی لغاری سمیت دیگر تمام اراکین نے نو منتخب صدر پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور گلدستے دیے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نوجوان اتحاد کی سماجی خدمات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم علاقے میں مثبت اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا متحرک کردار اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر نو منتخب صدر رفیق احمد لغاری نے تمام دوستوں اور معززین کا شکریہ ادا کیا جبکہ شرکاء نے اس پروقار تقریب کو علاقے کے لیے ایک یادگار اور خوش آئند موقع قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے