قاضی واہ میں معصوم جانیں خطرے میں، حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر عوامی مطالبہ

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)خانپور مہر لنک روڈ پر واقع قاضی واہ میں شدید گرمی کے باعث معصوم بچے بغیر کسی حفاظتی انتظام کے نہانے کے لیے پانی میں اتر رہے ہیں، جس سے ان کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق قاضی واہ کا پانی نہ صرف گہرا ہے بلکہ اس کا بہاؤ بھی خاصا تیز ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر سال اسی مقام پر ڈوبنے کے افسوسناک واقعات پیش آتے ہیں، تاہم اس کے باوجود تاحال کوئی مؤثر حفاظتی انتظامات نہیں کیے جا سکے۔

شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں اکیلے یا بغیر نگرانی کے واہ کے قریب جانے سے روکیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ قاضی واہ کے اطراف ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، انتباہی بورڈز نصب کیے جائیں اور متعلقہ اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ ممکنہ بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے