اوچ شریف: نہر عباسیہ کے پشتے مخدوش، کسان پریشان

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ہیڈ پنجند سے نکلنے والی جنوبی پنجاب کی اہم ترین نہر عباسیہ ایک بار پھر خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی ہے۔ موہانے والی پل کے قریب روزانہ سینکڑوں بھینسیں نہر میں نہلائے جانے کے باعث نہر کے پشتے تیزی سے کمزور ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ انہار کی جانب سے مبینہ غفلت اور چیکنگ نہ ہونے پر مقامی کاشتکاروں اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو کسی بھی وقت نہر میں شگاف پڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آنے سمیت کروڑوں روپے مالیت کے مکانات اور املاک کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

مقامی افراد کے مطابق موہانے والی پل اور اس کے گردونواح میں روزانہ بڑی تعداد میں بھینسیں نہر میں اتاری جاتی ہیں، جس سے پشتوں کی مٹی بیٹھنا شروع ہو چکی ہے جبکہ بعض مقامات پر کٹاؤ بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ انہار کے اہلکار صورتحال سے مکمل آگاہ ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کر رہے، جس کے باعث مبینہ ملی بھگت کا تاثر جنم لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت سخت اقدامات نہ کیے گئے تو گزشتہ سال کی طرح ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پل موہانے والی اور للو والی پل کے درمیان نہر عباسیہ میں شگاف پڑنے سے وسیع علاقے زیر آب آ گئے تھے، جس کے باعث فصلوں، مکانات، سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ متاثرین آج بھی اپنے نقصانات کے ازالے کے منتظر ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار نے ماضی کے تلخ تجربات سے بھی کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور نہ ہی پشتوں کی مضبوطی یا مستقل نگرانی کے مؤثر انتظامات کیے گئے۔

اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ انہار کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موہانے والی پل کے قریب نہر میں بھینسیں نہلانے پر فوری پابندی عائد کی جائے، پشتوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے قبل قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے