میونسپل کمیٹی اوچ شریف عید صفائی آپریشن میں متحرک

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان)میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے خصوصی صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ عید گاہ اوچ موغلہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں میونسپل عملہ صفائی آپریشن میں سرگرم عمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق عید سے قبل شہر کی مرکزی عیدگاہوں، داخلی راستوں، گلی محلوں اور اہم عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی، جھاڑو لگانے، کوڑا کرکٹ کی فوری منتقلی اور زمین کی ہمواری کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں علی الصبح مختلف یونٹس میں تقسیم ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

عوامی حلقوں نے میونسپل کمیٹی کی بروقت صفائی مہم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول میسر آئے گا جبکہ عید کے اجتماعات بھی خوشگوار ماحول میں منعقد ہو سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق صفائی مہم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اضافی عملہ اور مشینری بھی عید کے دنوں میں تعینات کی جا رہی ہے، جبکہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے