پرائیویٹ منڈیوں پر پابندی، صفائی عملے کو 24 گھنٹے متحرک رہنے کی ہدایت

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے سیالکوٹ میں قائم مویشی منڈیوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے منڈیوں میں موجود شہریوں اور بیوپاریوں سے سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس سیالکوٹ سے گولہ پھالہ مویشی منڈی تک فلیگ مارچ کی قیادت کی، جس میں ستھرا پنجاب، واسا، پیرا فورس، ریسکیو اداروں اور پنجاب پولیس کی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ فلیگ مارچ کا مقصد عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی انتظامات اور اداروں کی تیاریوں کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔

اس کے بعد ڈی سی آفس میں صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عیدالاضحیٰ صفائی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

میاں ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے 52 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ 1411 گاڑیاں اور ستھرا پنجاب کے 5443 اہلکار صفائی آپریشن میں متحرک رہیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ افسران 24 گھنٹے اپنی لوکیشن لائیو رکھیں جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کنٹرول روم بھی مسلسل فعال رہے گا تاکہ شہری شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پرائیویٹ مویشی منڈیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پیرا فورس غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر موقع پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 48 کوئیک رسپانس ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں گی جبکہ یونین کونسل سیکرٹریز بھی صفائی آپریشن کی نگرانی کریں گے۔ صفائی و جراثیم کشی کے لیے بڑی مقدار میں چونا، فینائل اور عرق گلاب استعمال کیا جائے گا۔

میاں ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات پر دو گھنٹوں کے اندر کارروائی یقینی بنائی جائے، جبکہ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے