ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ سٹی رپورٹر) ڈیرہ غازی خان کی دھرتی نے ہمیشہ ایسے باکردار، دیانتدار اور عوام دوست افسران کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے جو اپنے عہدوں کو صرف نوکری نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور انہی شخصیات میں ایک معتبر اور قابلِ احترام نام جوادالحسن گوندل صاحب کا ہے جنہوں نے اپنی اعلیٰ صلاحیت، خلوص اور بہترین انتظامی حکمتِ عملی سے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل کیا ہے۔ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ جب بھی ڈیرہ غازی خان کو سیوریج جیسے سنگین مسائل، صفائی کے بحران یا شہری مشکلات کا سامنا ہوا تو ایسے نازک حالات میں جوادالحسن گوندل نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر فرائض کی ذمہ داری نبھائی اور محدود وسائل، کم فنڈز اور مشکل حالات کے باوجود انہوں نے اپنی محنت، تجربے اور دیانتداری سے وہ کام کر دکھائے جو بظاہر ناممکن دکھائی دیتے تھے، یہی وجہ ہے کہ آج عوام انہیں صرف ایک افسر نہیں بلکہ ایک امید، ایک اعتماد اور ایک مضبوط سہارا سمجھتی ہے۔
ذرائع کے مطابق جوادالحسن گوندل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ عہدے یا اختیارات کے بجائے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں عزت، وقار اور عوامی محبت سے نواز رکھا ہے اسی لیے وہ کبھی کسی منصب یا ذاتی مفاد کے محتاج نہیں رہے، ان کی شخصیت میں عاجزی، خلوص، نرم گفتاری اور عوامی مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھنے کا جذبہ نمایاں نظر آتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ شہر کی بہتری، صفائی اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے اگر کسی افسر نے عملی میدان میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا ہے تو ان میں جوادالحسن گوندل کا نام سرفہرست آتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج لوگ انہیں صرف ایک سرکاری افسر نہیں بلکہ “عوام کا نمائندہ کردار” قرار دیتے ہیں۔
مقامی معززین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات بعض شرپسند عناصر کی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے مگر حقیقت ہمیشہ اپنی روشنی خود بکھیرتی ہے اور جوادالحسن گوندل کا بے داغ کردار، ان کی شاندار کارکردگی اور عوامی خدمت کا جذبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ ڈیرہ غازی خان جیسے اہم شہر کی ایک بڑی اور اشد ضرورت ہیں۔ شہریوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسے مخلص، ایماندار اور باصلاحیت افسران کسی بھی شہر کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں اور ڈیرہ غازی خان کے عوام کی دلی خواہش ہے کہ جوادالحسن گوندل جیسے عوام دوست لوگ ہمیشہ اسی جذبے کے ساتھ خدمت کرتے رہیں تاکہ شہر ترقی، صفائی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔