دکی (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع دکی کے پتھر ٹاپ ایریا میں کوئلے کی کان کے اندر مٹی کا ہولناک تودہ گرنے سے 6 کان کن زمین دوز کان میں پھنس گئے۔ پولیس حکام کے مطابق تمام کان کن کان کے اندر تقریباً تین ہزار فٹ کی شدید گہرائی میں روٹین کا کام کر رہے تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ ان کے اوپر آ گرا جس کے بعد مائنز ریسکیو ٹیم اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور مٹی ہٹا کر کان کنوں کو بحفاظت نکالنے کی ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم گہرائی زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لورالائی کی تحصیل دکی میں کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات ناقص ہونے کی وجہ سے ایسے حادثات معمول بن چکے ہیں اور اس سے قبل سال 2024ء میں بھی مٹی کا تودہ گرنے سے 1 کان کن جاں بحق ہوگیا تھا۔