میرپورخاص(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار سیدشاہزیب شاہ) تعلقہ تھانہ کی حدود گاؤں محرم خان شر بلوچ آباد میں شر برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی خونی تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق 7 سے 8 ماہ قبل ٹیوب ویل کے ٹرانسفارمر کی چوری کے معاملے پر شروع ہونے والا تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا۔ جھگڑے کے دوران لاٹھیاں، ڈنڈے، پتھر اور فائرنگ کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں منیر ولد میھل شر، عمر تقریباً 27 سال، گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی تعلقہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال میرپورخاص منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔