سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار محمد یامین مغل)سیالکوٹ کے علاقے پسرور میں تھانہ پھلورہ کی حدود میں لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے، جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنی بیوی، ساس اور سالے کو ابدی نیند سلا دیا۔ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق تھانہ پھلورہ کے گاؤں ڈوگری ہریاں میں مدثر نامی شخص کا اپنی اہلیہ کے ساتھ کسی بات پر تنازع چل رہا تھا، جس نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی۔ جاں بحق ہونے والوں میں مدثر کی بیوی صباء مشتاق، جو پیشے کے لحاظ سے صحافت سے وابستہ تھیں، ان کے بھائی ذیشان اور والدہ فہمیدہ بی بی شامل ہیں۔
مقتولین کا تعلق جٹ برادری سے بتایا جاتا ہے جو ڈوگری ہریاں کے ہی رہائشی تھے۔ واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ خالصتاً گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ اصل حقائق اور قتل کی وجوہات تفتیش مکمل ہونے اور ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی منظر عام پر آ سکیں گی۔