طوفانی بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں کندیاں کے قریب پانی کی سطح بلند

میانوالی(کیو این این ورلڈ) ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں کندیاں کے قریب پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث چشمہ بیراج میں پانی کی آمد بڑھ گئی جبکہ قریبی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کی آمد بڑھ کر 1 لاکھ 11 ہزار 199 کیوسک تک پہنچ گئی ہے جبکہ پانی کا اخراج 99 ہزار 980 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ پانی کے دباؤ میں اضافے کے باعث چشمہ بیراج کا پانی 643 فٹ کی سطح تک جا پہنچا، جس کے بعد انتظامیہ نے حفاظتی اقدام کے طور پر بیراج کے تمام 52 سپل ویز کھول دیے ہیں۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے چشمہ بیراج کی تمام جھیلیں بھر چکی ہیں جبکہ بیراج کے اطراف کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق دریا کے کنارے آباد دیہات اور زرعی رقبوں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کی نگرانی بڑھا دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیمیں اور مشینری تیار رکھی گئی ہے جبکہ دریا کنارے آباد مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی صورت میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے