گوجرہ(کیو این این ورلڈ/عبد الرحمن جٹ) تھانہ نواں لاہور کے علاقہ چک نمبر 279 ج ب بجواڑہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تقریباً 10 سے 12 روز قبل لاپتہ ہونے والے بچے ارحم زاہد کی لاش کی باقیات قبرستان سے برآمد ہوئی ہیں۔
بچے کی گمشدگی کے بعد اس کے اغوا کا مقدمہ نمبر 205/26 تھانہ نواں لاہور میں درج کیا گیا تھا۔ لاش برآمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ مقتول بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔ انہوں نے مقتول بچے کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس ہر زاویے سے تحقیقات کر رہی ہے اور واقعہ میں ملوث عناصر کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔

