راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تمام عسکری قیادت نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس پُرمسرت اور تاریخی موقع پر افواجِ پاکستان کے تمام افسران اور جوانوں کو بھی مبارکباد دی، جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی اپنے تہنیتی پیغامات میں قوم کی ہمت اور اتحاد کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اہم دن پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے ثابت کیا کہ مسلح افواج ہمیشہ اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے مزید واضح کیا کہ معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جس کے ذریعے مسلح افواج نے قوم کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو خدمت کے جذبے اور فخر کے ساتھ نبھایا ہے۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ یہ دن قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمتِ عملی کی پختگی کا عکاس ہے، جس کی کامیابی نے مجموعی طور پر قومی اعتماد کو مزید مستحکم کر دیا ہے۔ معرکہ حق کے نتیجے میں پاکستان ایک مستحکم علاقائی قوت کے طور پر ابھرا ہے اور اس فتح نے نہ صرف دشمن کی سازشوں اور جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا، بلکہ عالمی سطح پر دشمن کو رسوائی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ افواجِ پاکستان کو اس دوران پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا رہا، جن کا مقابلہ انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے کیا گیا۔