راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ملک کی دفاعی تاریخ کے اس اہم سنگ میل کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر شہدا کی یادگار پر حاضری دی گئی، جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے روایتی وقار کے ساتھ سلامی پیش کی اور ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، دعا کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، جبکہ وہ اس تقریب کے شرکاء سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ ان کے ہمراہ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی یادگار پر حاضری دی اور پھول رکھ کر شہدا کی قربانیوں کو سراہا۔ اس سے قبل معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر عسکری قیادت کی جانب سے قوم اور افواجِ پاکستان کو خصوصی مبارکباد بھی پیش کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور بہترین جنگی تیاریوں کا واضح ثبوت ہے، جس نے افواج پر عوام کے اعتماد کو مزید فیصلہ کن طور پر مستحکم اور مضبوط بنا دیا ہے۔