چاغی: المناک ٹریفک حادثہ، ٹرالر کی ٹکر سے 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

چاغی (کیو این این ورلڈ): بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب ٹرالر اور مسافر گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا، جس کے باعث متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد شیخ فہد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اضافی ڈاکٹروں و طبی عملے کو طلب کر لیا گیا تاکہ زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔

پولیس اور متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے