کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) پاکستان رینجرز سندھ نے نارتھ ناظم آباد نیاز منزل کے قریب ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر میں لوٹ مار کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث "تیس مار خان” اور "کمانڈو گروہ” کے پانچ کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت گلفام عرف سنی، محمد شان، داؤد، اشرف عرف پنو اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی 450 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ یہ ملزمان موٹر سائیکل، کار، رکشہ اور موبائل فون چھیننے کی سرگرمیوں میں سرگرم تھے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزم محمد شان نہ صرف چھینی ہوئی موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے بلکہ وہ دیگر جرائم پیشہ افراد کو اسلحہ بھی فراہم کرتا تھا۔ ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 5 سے 6 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ترجمان رینجرز سندھ نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے تمام ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جو اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ رینجرز نے قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد ملزمان کو پولیس کے حوالے کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔