میہڑ (کیو این این/ رپورٹ منظور علی جوئیہ) میہڑ کے نواحی گاؤں مومن آباد میں زرعی زمین کے تنازع پر شیخ برادری کے دو گروپوں میں ہونے والے خونی تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے。 تفصیلات کے مطابق فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس کی زد میں آ کر یونس شیخ نامی شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا。 مقتول کی نعش کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے。
ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے پر شیخ برادری کے ان دونوں گروپوں میں ایک روز قبل بھی شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے بروقت کارروائی نہ ہونے پر آج صورتحال مزید سنگین ہو گئی。 تصادم کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مزید خونریزی کے خدشے کے پیش نظر دونوں گروپوں کے مسلح افراد مورچہ بند ہو گئے ہیں。
اہل علاقہ میں اس واقعے کے بعد شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور پولیس کی بھاری نفری کی طلب کی جا رہی ہے تاکہ حالات کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے。 ہسپتال میں مقتول کے لواحقین کی بڑی تعداد جمع ہو گئی ہے جہاں کہرام مچا ہوا ہے。 پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے。