رحیم یارخان (کیو این این ورلڈ) مراد پور سانگی میں خسرہ کی مبینہ وبا کے باعث چند روز کے دوران 8 بچوں کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بابر علی کے مطابق تاحال سرکاری سطح پر خسرہ کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور نہ ہی مقامی ہیلتھ سینٹرز میں کسی مریض میں خسرہ کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خسرہ سے متعلق اطلاعات سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہوئیں، جس پر محکمہ صحت کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر بابر علی کے مطابق علاقے میں گھر گھر سروے بھی جاری ہے اور بیماری کے اسباب کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ مکمل تحقیقات کے بعد جلد حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔