اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)امریکا سے جاری مذاکرات کے تناظر میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج شام اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ پاکستانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی شخصیات سے دوبارہ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران امریکا کشیدگی اور ممکنہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق عباس عراقچی نے مسقط سے روس جانے کے اپنے سابقہ پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلے اسلام آباد آنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد وہ ماسکو روانہ ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے، اور پاکستان اس معاملے میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان رابطوں میں تیزی آئی ہے اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دے رہے ہیں۔