مظفرگڑھ: سفاک ملزمان نے گائے کی زبان کاٹ دی، جانور چارہ کھانے سے بھی قاصر

مظفرگڑھ (کیو این این ورلڈ) پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے علاقے لنگر سرائے میں نامعلوم افراد کی جانب سے بے زبان جانور پر سفاکانہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے گائے کی زبان کاٹ دی، جس کے باعث جانور شدید اذیت میں مبتلا ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ لنگر سرائے میں پیش آیا، جہاں ظالم افراد نے بے حسّی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گائے کو نشانہ بنایا۔ محکمہ لائیو اسٹاک حکام کا کہنا ہے کہ گائے کی زبان کسی تیز دھار آلے سے کاٹی گئی ہے، جس کے بعد سے جانور چارہ کھانے کے قابل نہیں رہا اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔

گائے کے مالک نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے نامعلوم ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی نامعلوم افراد ان کے مویشیوں کو نقصان پہنچا چکے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات نہ صرف انسانیت بلکہ حیوانات کے ساتھ ظلم کی بدترین مثال ہیں اور ان کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے مختلف علاقوں میں جانوروں پر تشدد کے ایسے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں، جن پر مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ان میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے