اوچموغلہ میں واپڈا کی مبینہ سنگین غفلت، ایک ہی کھمبے پر لگے 50 میٹر جل کر خاکستر

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) اوچ موغلہ کے علاقے میں بجلی کے نظام میں مبینہ سنگین غفلت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ہی کھمبے پر غیر محفوظ انداز میں نصب کیے گئے تقریباً پچاس بجلی میٹرز اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر جل گئے، جس سے صارفین کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

عینی شاہدین کے مطابق اچانک بجلی کے کھمبے سے چنگاریاں اٹھنا شروع ہوئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی جس نے چند ہی لمحوں میں تمام میٹرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے دوران علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی کھمبے پر اتنی بڑی تعداد میں میٹرز کی تنصیب انتہائی خطرناک عمل ہے، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ ان کے مطابق اس واقعے میں قیمتی سامان اور بجلی کے میٹرز جل کر خاکستر ہو گئے جس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

اہل علاقہ نے متعلقہ ادارے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معلوم کیا جائے کہ کن قواعد و ضوابط کے تحت ایک ہی کھمبے پر اتنی بڑی تعداد میں میٹرز نصب کیے گئے اور کیوں بروقت حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔

سماجی اور عوامی حلقوں نے اس واقعے کو مبینہ محکمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں ایسے واقعات کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں۔ متاثرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف انکوائری کروائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے