سیالکوٹ میں سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے اداروں کی مشترکہ مشق

سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے شہری آبادی میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سی ٹی آئی (بارہ پتھر) گراؤنڈ میں فرضی مشق کا انعقاد کیا۔

یہ مشق سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں کی گئی۔ اس کا مقصد اربن فلڈنگ کے دوران ریسکیو آپریشنز، استعمال ہونے والے آلات کی جانچ اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر نے موقع پر موجود رہ کر مشقوں اور مختلف محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر سرپرستی ریسکیو اسکاؤٹس نے بھی حصہ لیا۔

فرضی مشق میں ریسکیو 1122 کے علاوہ سول ڈیفنس، واسا، میونسپل کارپوریشن، محکمہ صحت، محکمہ انہار، محکمہ لائیو اسٹاک، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر آرگنائزیشنز اور مختلف فلاحی اداروں جن میں روز ویلفیئر، حی الفلاح، الشیخ جناح اور فاطمہ ویلفیئر این جی او شامل ہیں، نے شرکت کی۔ تمام اداروں نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے آلات اور تیاریوں کے حوالے سے کیمپ بھی قائم کیے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنر کو مختلف سٹالز کا دورہ کروایا، جبکہ اے ڈی سی آر نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی باہمی ہم آہنگی اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے