ننکانہ :کنسٹیبل عمر فاروق ضلعی پولیس کے لیے قابل فخر سرمایہ ہیں۔ڈی پی او

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب پولیس کے کنسٹیبل عمر فاروق نے پنجاب پولیس کے سالانہ انٹر ڈسٹرکٹ یونٹ مقابلوں میں آل اوور پنجاب میں اول پوزیشن حاصل کر کے ضلع کا نام روشن کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے باڈی بلڈنگ اور مین فزیک کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دو گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

کنسٹیبل عمر فاروق نے نہ صرف اپنی کیٹیگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ ٹائٹل فائٹ میں بھی پورے پنجاب میں ٹاپ کر کے ڈسٹرکٹ پولیس ننکانہ کے لیے بڑا اعزاز جیتا۔ اس شاندار کامیابی پر ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد نے انہیں خصوصی طور پر اپنے دفتر مدعو کیا۔

ڈی پی او ارسلان زاہد نے کنسٹیبل عمر فاروق کو عمدہ کارکردگی پر شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا۔ انہوں نے کنسٹیبل کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور نصیحت کی کہ وہ اپنی اس کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت جاری رکھیں۔

اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کنسٹیبل عمر فاروق ضلعی پولیس کے لیے قابل فخر سرمایہ ہیں اور ان کی یہ کامیابی محکمہ پولیس کے تمام نوجوانوں کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر اہلکار بھی کھیلوں اور پیشہ ورانہ امور میں اسی طرح ضلع کا نام روشن کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے