ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز مذہبی رسم اکھنڈ پاٹ سے ہو گیا، جہاں دنیا بھر سے سکھ یاتری بڑی تعداد میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لیے لنگر، رہائش، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ گورو نانک کی دھرتی پر آنے والے مہمانوں کا پرتپاک استقبال جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے 8 ہزار سے زائد سکھ یاتری میلے میں شرکت کریں گے، جبکہ بھارت سے 2800 سے زائد یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ وساکھی میلے کی تقریبات 12 اپریل تک جاری رہیں گی۔
سکیورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جبکہ شہر بھر اور گوردوارہ جات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میلے میں شرکت کرنے والے سکھ یاتری پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے، جبکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔