ننکانہ صاحب:جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی بھرپور کارروائیاں

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ڈی پی او ننکانہ صاحب کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے ماہ مارچ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران 8 ڈکیت گینگز کے 25 خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 1 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور مال مسروقہ برآمد کیا۔

پولیس نے کارروائیوں کے دوران 159 مجرمان اشتہاری، 61 عدالتی مفرور جبکہ 70 سابقہ ریکارڈ یافتگان کو بھی گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 81 مقدمات درج کیے گئے جن میں ملزمان سے 66 پسٹل، 5 کلاشنکوف، 5 بندوقیں اور سینکڑوں گولیاں و کارتوس برآمد کیے گئے۔

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 64 مقدمات درج کیے گئے اور ملزمان سے 3 کلوگرام سے زائد منشیات اور 1740 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ اسی طرح 15 ایکٹ کی خلاف ورزی پر 22 جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 56 مقدمات درج کیے گئے۔

ضلعی پولیس کے خدمت مراکز پر 5469 شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔

ڈی پی او ننکانہ صاحب کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے