ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ننکانہ سٹی اور واربرٹن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کام کی رفتار اور معیار بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واربرٹن میں سنٹر میڈین بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کیا اور شہر کے مختلف مقامات کا وزٹ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح ہدایت دی کہ بازاروں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے اور راستوں میں رکاوٹیں ڈالنے والے کاروباری مراکز کو فوری سیل کیا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، لیبارٹری، ایکسرے روم اور وہیل چیئرز کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات بھی کی اور ہدایت کی کہ علاج معالجے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ طبی سہولیات میں سستی یا غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کی خوبصورتی کے لیے سڑکوں کے اطراف لاکھوں پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ تمام بازاروں کو ماڈل بازار بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں میں رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہری سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت بڑے پیمانے پر پودے لگائے جا رہے ہیں، واربرٹن ماڈل بازار منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ بہت جلد الیکٹرک بسیں بھی سڑکوں پر لائی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور معیار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ ضلع کے تمام پبلک پارکس کی بحالی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔