ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر واربرٹن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان حاصل کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے وارڈز، لیبارٹری، ایکسرے روم اور وہیل چیئرز کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سروس ڈیلیوری، علاج معالجہ اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔
محمد تسلیم اختر راؤ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجہ میں سستی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ صفائی کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر، ایم ایس ڈاکٹر عدنان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔