ننکانہ صاحب:گوردوارہ جنم استھان میں تمام اداروں کی مشترکہ موک ایکسرسائز

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر بیساکھی میلہ کی تقریبات کے حوالے سے تمام اداروں کی تیاریوں اور ریسپانس ٹائم کو چیک کرنے کے لیے مرکزی گوردوارہ جنم استھان میں ایک جامع موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں پولیس، ریسکیو 1122، پیرا فورس، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے ڈپٹی کمشنر کو مشقوں کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ٹراما ایمرجنسی، عمارتوں کے منہدم ہونے، بم بلاسٹ اور دیگر مختلف ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی فرضی مشقوں کے عملی مظاہرے کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ تمام اداروں نے باہمی اشتراک سے ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کو بچانے اور فوری امداد فراہم کرنے کے مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا۔

موک ایکسرسائز کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے تمام اداروں کے درمیان بہترین کوارڈینیشن، جذبے اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور تمام سیکورٹی و امدادی ادارے وطن عزیز کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیساکھی میلہ کے موقع پر زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے