پٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافہ مسترد کرتے ہیں،شہری

سیالکوٹ، رینالہ خورد، ڈیرہ غازیخان: (کیو این این ورلڈ/سیالکوٹ سے بیوروچیف مدثر رتو،رینالہ خورد سے نامہ نگار لیاقت علی ،ڈیرہ غازیخان سے ظفر کھوکھر کی رپورٹس) ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے خلاف عوامی غم و غصہ شدت اختیار کر گیا ہے، مختلف شہروں میں احتجاج، مظاہرے اور شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی اس اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔

سیالکوٹ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام حاجی پورہ کے مقام پر ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری انجینئر اعجاز نصر نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام سے مزید ریلیف چھین لیا گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا جس کا براہ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ادھر رینالہ خورد میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا جہاں شہریوں نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کے بجائے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تلے ہوئے ہیں، عوامی سروے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 460 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر تک پہنچا دینا ظلم کی انتہا ہے، ان کے مطابق اس اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی بلکہ مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جو پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوگا، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت غیر ضروری اخراجات اور پروٹوکول کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

اسی طرح ڈیرہ غازیخان میں جمعیت علماء اسلام پنجاب کے رہنماؤں مولانا قاری جمال عبد الناصر، مولانا عبدالعزیز بلوچ، قاری محمد اسماعیل خان، الحاج عبدالمجید دیوانی، مولانا شاہد ندیم، مولانا کلیم اللہ ملکانی اور دیگر نے مشترکہ بیان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کیا، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر اشرافیہ کو نوازا جا رہا ہے جبکہ عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والوں کی مراعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات میں دھکیل رہے ہیں اور ملک میں یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ یہ صرف اشرافیہ کا ملک بن کر رہ گیا ہے جہاں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کا احتساب کریں جبکہ یقین دلایا کہ جمعیت علماء اسلام اور اس کی قیادت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں سے سامنے آنے والے احتجاج اور بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بن چکا ہے اور حکومت پر فوری طور پر ریلیف دینے کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے