اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) محکمہ موسمیات نے آج اور 3 اپریل کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید اور موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، قلات، خضدار اور لسبیلہ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں (ہِل ٹورنٹس) اور زیریں خیبر پختونخوا کے علاقوں کرم، وزیرستان، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو اور کوہاٹ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز جیسے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلیں بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ جمعہ کے روز بھی شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ سب سے زیادہ بارش کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کیماڑی میں 56، سعدی ٹاؤن میں 48 اور موہنجو داڑو میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں 15 اور قلات میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں بہاولنگر 13، بھکر 9 اور ڈیرہ غازی خان میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بہاولنگر میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ اوکاڑہ اور ساہیوال میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں کو بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔